اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے عدلیہ مخالف اور اشتعال انگیز انٹرویو کے مقدمے میں فیصل رضا عابدی کی طبی بنیادوں پر درخواست ضمانت منظور کر لی، ملزم کو ایک لاکھ روپے جمع کروانے کا حکم دے دیا۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے فیصل رضا عابدی کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ فیصل رضا عابدی کی ضمانت دہشتگردی کی دفعات کے تحت درج دو مقدمات میں منظور کی گئی۔
ہائیکورٹ میں جمع کروائی گئی میڈیکل رپورٹ کے مطابق فیصل رضا عابدی متعدد بیماریوں میں مبتلا ہیں۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے ریمارکس دیئے کہ فیصل رضا عابدی کو جو طبی امداد دی گئی اس سے مزید پیچیدگیاں پیدا ہوئیں۔
عدالت نے فیصل رضاعابدی کی ضمانت منظور کرتے ہوئے ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے درخواست ضمانت منظور کر لی۔