پشاور: (دنیا نیوز) پشاور کے علاقے کالی باڑی میں دھماکے سے 2 خواتین سمیت 6 افراد زخمی ہوگئے، ابتدائی تفتیش کے مطابق بارودی مواد گاڑی میں نصب کیا گیا تھا، پولیس حکام کے مطابق دھماکے میں 8 سے 10 کلو بارودی مواد استعمال ہوا، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے دھماکے کی رپورٹ طلب کرلی۔
دھماکا اتنا شدید تھا کہ آواز دو ر دور تک سنی گئی، دھماکے سے قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے، ہر طرف تباہی پھیل گئی، قریبی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔ دھماکے کے بعد پولیس، بم ڈسپوزل یونٹ اور قانون نافذ کرنیوالے ادارے موقع پر پہنچ گئے، زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے علاقے میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے تفتیش کو آگے بڑھایا جائے گا۔ پولیس حکام کے مطابق دھماکا کرولا چھیاسی ماڈل گاڑی میں ہوا جو ایک شخص چھوڑ کر گیا تھا، دھماکے میں 8 سے 10 کلو باردوی مواد استعمال ہوا۔
ادھر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے بھی دھماکے کی رپورٹ طلب کرلی۔ وزیر اطلاعات کے پی شوکت یوسفزئی نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا بازار بند ہونے سے زیادہ نقصان نہیں ہوا، حکومت عوام کی جان و مال کا تحفظ کرے گے، واقعے کو معمولی نہیں لے رہے، سکیورٹی کا ازسر نو جائزہ لیں گے۔
پشاورمیں گاڑی کے اندر دھماکے کی سی سی ٹی وی فوٹیج دنیا نیوز کو موصول ہوگئی، موصول ہونے والی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ نامعلوم شخص صدر کے علاقے کالی باڑی میں گاڑی پارک کرتا ہے اور گاڑی سے اترنے کے بعد آرام سے چادر لپیٹ کر چلا جاتا ہے، جس کے چند لمحے بعد گاڑی میں زور دار دھماکہ ہوتا ہے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق دھماکہ صبح آٹھ بجکر 44 منٹ پر ہوا۔ پولیس حکام نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
ویڈیو دیکھیں: