ايون فيلڈ ريفرنس، نوازشریف کی سزا معطلی فیصلے کیخلاف سماعت آج ہو گی

Last Updated On 14 January,2019 08:57 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ کا پانچ رکنی بینچ ايون فيلڈ ريفرنس میں سابق وزیراعظم نوازشریف کی ضمانت کے خلاف نیب کی اپيل پر آج سماعت کرے گا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے ڈویژن بینچ نے سزا معطل کرتے ہوئے انہیں ضمانت پر رہا کر دیا تھا۔

ايون فيلڈ ريفرنس میں اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے سابق وزیراعظم نوازشریف کی ضمانت دیئے جانے کے فيصلے کے خلاف نیب نے اپیل دائر کررکھی ہے۔

چيف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی ميں پانچ رکنی بنچ آج دن ایک بجے نیب کی اپیل کی سماعت کرے گا۔ بنچ میں جسٹس آصف سعيد، جسٹس گلزار احمد، جسٹس مشير عالم اور جسٹس مظہر عالم شامل ہیں۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے نوازشریف کو ایون فیلڈ ریفرنس میں دس سال قید و جرمانے کی سزا سنائی تھی۔ نوازشریف نے فیصلے کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپیل کی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے ڈویژن بینچ نے سزا معطل کرتے ہوئے انہیں ضمانت پر رہا کر دیا تھا۔ نیب نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کررکھا ہے۔