اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے اٹھارویں ترمیم سے متعلق سندھ حکومت کی درخواست مسترد کر دی۔ سندھ حکومت نے صوبائی اختیارات سے متعلق درخواست دائر کی تھی۔
چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے پی آئی اے پائلٹس کی پینشن میں اضافے سے متعلق درخواست مسترد کر دی۔ عدالت نے ملک بھر میں بڑھتی آلودگی سے متعلق کیس بھی نمٹا دیا۔
کرسچین میرج رجسٹریشن کیس میں عدالت نے فیصلہ سنایا کہ یونین کونسلز مسیحی افراد کی شادیاں رجسٹرکریں، نادرا میرج رجسٹریشن سرٹیفکیٹ جاری کرے، حکومت پنجاب اس حوالے سے قانونی اقدامات کرے۔
اورنج لائن ٹرین کیس میں ٹھیکیداروں نے بینک گارنٹیز جمع کرا دیں۔ چیف جسٹس نے ایل ڈی اے بورڈ میں پراپرٹی ڈیلرز کو شامل کرنے پر ناراضگی کا اظہار کیا۔ عدالت نے حکم دیا کہ ٹھیکیداروں کو پیسے ادا کئے جائیں، اگر کام ٹھیک نہیں ہو گا تو ان کو پکڑ کر پیسے واپس لیں گے۔