قومی اسمبلی: گوشوارے جمع نہ کرانے پر 72 ارکان کی رکنیت معطل

Last Updated On 17 January,2019 07:02 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپیکر قومی اسمبلی نے گوشوارے جمع نہ کرانے پر 72 ارکان کی رکنیت معطلی کا حکم سنا دیا۔ دو ارکان کو ایوان سے باہر نکال دیا، ایک رکن نظر سے بچ کر کارروائی میں شریک رہا۔ جماعت اسلامی کے رکن نے گوشوارے جمع کرانے کے باوجود نام شامل کرنے پر احتجاجاً ایوان سے واک آؤٹ کر دیا۔

قومی اسمبلی اجلاس میں سپیکر اسد قیصر نے ایوان کو آگاہ کیا کہ قومی اسمبلی اجلاس میں 72 ارکان شرکت نہیں کر سکیں گے۔ ان 72 ارکان قومی اسمبلی کی رکنیت گوشوارے جمع نہ کروانے پر الیکشن کمیشن نے معطل کی ہے۔

اس سلسلہ میں ارکان کی رکنیت معطل ہونے سے متعلق اعلامیہ قومی اسمبلی اجلاس میں پڑھ کر سنایا گیا کہ ارکان کی رکنیت معطل ہے وہ اجلاس میں شرکت نہیں کر سکتے۔ ان میں وفاقی وزرا فواد چودھری، عامر کیانی، ڈپٹی سپیکر قاسم سوری، اختر مینگل، احسن اقبال اور دیگر شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سالانہ گوشوارے جمع نہ کرانے پر 332 اراکین کی رکنیت معطل

سپیکر کا کہنا تھا کہ معطل ارکان قومی اسمبلی اور قائمہ کمیٹیوں کی کارروائی میں حصہ نہیں لے سکتے۔ انہوں نے ن لیگی رکن اسمبلی جاوید لطیف کو اجلاس سے نکال دیا جبکہ مولانا عبدالاکبر چترالی نے وقفہ سوالات میں سوالات شامل نہ کرنے پر واک آوٹ کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے گوشوارے جمع کرائے، یہ کاغذات ہیں مگر ان کا نام بھی معطل کئے جانے والوں کی فہرست میں شامل ہے، اس بات کا نوٹس لیا جائے کہ ارکان کے ساتھ ایسا کیوں ہوتا ہے؟

دوسری طرف حکومتی ایم این اے اور پارلیمانی سیکرٹری آفتاب صدیقی معطل ہونے کے باوجود قومی اسمبلی اجلاس میں شریک رہے اور وقفہ سوالات میں جواب بھی دیا تاہم دوسری جانب ایوان میں خاموشی سے بیٹھے آفرین خان سپیکر کی نظروں سے بچ نہ سکے اور سپیکر نے ان کا نام لے کر انہیں ایوان سے چلے جانے کی ہدایت کی۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن میں گوشوارے جمع نہ کروانے والے ایک سو تیرہ اراکین کا پنجاب اسمبلی کے ایوان میں داخلہ بند کر دیا گیا۔ ڈپٹی سپیکر دوست محمد مزاری، دس صوبائی وزرا سمیت وزیراعلیٰ کے چھ معاونین بھی ایوان میں داخل نہیں ہو سکیں گے۔

الیکشن کمیشن نے گزشتہ روز گوشوارے جمع نہ کرانے پر ان ارکان کی رکنیت معطل کی تھی۔ اسمبلی سیکرٹریٹ نے معطل ارکان کی فہرستیں ایوان کے داخلی دروازوں پر سیکورٹی کے حوالے کر دیں۔ معطل اراکین میں تحریک انصاف کے 59، مسلم لیگ ن کے 45، مسلم لیگ ق کے 5، دو آزاد امیدوار اور ایک راہ حق پارٹی کے رکن شامل ہیں۔

صوبائی وزرا میں عمار یاسر، سید سعید الحسن، انصر مجید نیازی، سبطین خان، محمد اجمل چیمہ، تیمور بھٹی، ہاشم ڈوگر، زوار حسین وڑائچ، نعمان لنگڑیال اور سمیع اللہ چودھری شامل ہیں۔

 

وزیراعلیٰ کے مشیروں اور معاونین میں فیصل حیات جوانہ، امیر محمد خان، عبدالحئی دستی، خرم لغاری، رفاقت علی گیلانی اور محمد حنیف بھی ایوان میں داخل نہیں ہو سکیں گے۔