اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیرِاعظم عمران خان نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں شامل ہونے والے فاٹا کے علاقوں کو قومی دھارے میں شامل کرنے کے لئے تمام اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان سے قبائلی علاقوں سے تعلق رکھنے والے مختلف سیاسی جماعتوں کے ارکان قومی اسمبلی نے ملاقات کی۔ وفد میں گل داد خان، گل ظفر خان، ساجد خان، محمد اقبال آفریدی، منیر خان اورکزئی، جواد حسین، محسن جاوید، محمد جمال الدین، محمد علی اور عبد الشکور شامل تھے۔
گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان، وزیرِ دفاع پرویز خٹک، وزیرِ مذہبی امور پیر نور الحق قادری اور معاونِ خصوصی نعیم الحق بھی ملاقات ميں موجود تھے۔
وفد کی جانب سے قبائلی علاقوں کے لئے قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشستیں بڑھانے کا مطالبہ کیا گیا۔ ارکان نے مطالبہ کیا کہ قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی میں قبائلی علاقہ جات کے لئے بالترتیب 12 اور صوبائی اسمبلی کے لئے 24 نشستیں مختص کی جائیں۔
ارکان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں مطلوبہ کارروائی کے لئے تمام سیاسی جماعتوں سے رابطہ قائم کرکے اقدامات کئے جائیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ارکان کی تمام تجاویز کا جائزہ لے کر اس بارے میں فیصلہ کیا جائے گا، حکومت قبائلی علاقوں کو قومی دھارے میں لانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔