لاہور: (دنیا نیوز) قتل کے مقدمے میں ضمانت منظور ہونے پر احاطہ عدالت میدان جنگ بن گیا، کمرہ عدالت سے نکلتے ہی مدعی پارٹی نے مخالف پارٹی پر حملہ کر دیا۔ لاہور ہائیکورٹ پولیس بیچ بچاؤ کراتی رہی۔
شیخوپورہ کے رہائشی شہریار کے خلاف قتل کا مقدمہ درج تھا، ملزم نے اپنی قبل از گرفتاری ضمانت کیلئے عدالت سے رجوع کر رکھا تھا۔ لاہور ہائیکورٹ نے ملزم کی ضمانت منظور کی تو مدعی پارٹی طیش میں آگئی اور کمرہ عدالت سے نکلتے ہی ملزم کو دھر لیا۔
فریقین نے ایک دوسرے پر گھونسوں اور تھپڑوں کی بارش کر دی، موقع پر موجود سکیورٹی اہلکار بیچ بچاؤ کراتے رہے اور مشتعل افراد کو سکیورٹی روم منتقل کر دیا۔