اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم ہاؤس نے چودھری برادران سے رابطہ کیا ہے، 24 گھنٹوں میں وزیر اعظم عمران خان کی چودھری برادران سے ملاقات متوقع ہے۔ ذرائع وزیر اعظم ہاؤس کے مطابق، چودھری برادران کے تمام تحفظات دور کئے جائیں گے، اتحادیوں سے اختلاف ہیں نہ کوئی دوری ہے۔
یاد رہے گزشتہ روز وزیر اعلی پنجاب اور پرویز الہٰی کی ملاقات میں مسلم لیگ ق کے تحفظات دور نہ ہو سکے، ملاقات کے دوران پرویز الہٰی شدید خفا رہے جبکہ وزیر اعلی پنجاب منانے میں ناکام رہے۔
چودھری پرویز الہٰی نے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے شکوہ کیا کہ اتحاد کے جو معاملات طے ہوئے ان پر تاحال عمل نہیں ہوا، مرکز اور پنجاب میں 2، 2 وزارتیں طے ہوئیں مگر آپ نے ابھی تک اس پر عمل نہیں کیا۔ جس پر وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا یہ بات تو میرے علم میں ہی نہیں، وقت دیں وزیر اعظم سے بات کرتا ہوں۔
پرویز الٰہی نے انہیں یاد دلایا کہ آپ کے والد سے میرے ذاتی تعلقات تھے لیکن پھر بھی معاملات صحیح طرح نہیں چل رہے۔ وزیر اعلیٰ نے چودھری پرویز الہیٰ کو یقین دہانی کرائی کہ پوسٹنگ ٹرانسفرز اور انتظامی کام فوری ہوں گے۔ اس پر چودھری پرویز الہیٰ نے کہا پوسٹنگ ٹرانسفر کوئی ایشو نہیں جو معاہدے ہوتے ہیں ان پر عمل ہونا چاہیے۔