فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں بااثرافراد نے شہری کو بھرے بازار میں تشدد کا نشانہ بنا دیا۔ بار بار کال کرنے کے باوجود پولیس بے بس شہری کی مدد کو نہ پہنچی۔ دنیا نیوز نے معاملے پر آواز اُٹھائی تو آر پی او فیصل آباد غلام محمود ڈوگر نے نوٹس لیتے ہوئے سی پی او اشفاق احمد سے رپورٹ بھی طلب کرلی ہے۔
ٹھیکری والا کے چک نمبر 275 کے رہائشی وسیم نے درخواست دی کہ ٹونی گینگ کے افراد نے اسلحہ کے زور پر اس سے موبائل اور نقدی چھین لی تھی۔ بس ملزمان نے اسی رنج پر وسیم کو بھرے بازار میں تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔ دنیا نیوز کو حاصل فوٹیج میں وسیم کو بے دردی سے پیٹتے دیکھا جاسکتا ہے۔
متاثرہ شہری کا کہنا تھا کہ ملزمان علاقے میں خوف کی علامت بنے ہوئے ہیں اور پولیس بھی ملزمان کے خلاف کارروائی سے گریزاں ہے۔ دنیا نیوز نے معاملہ پر آواز اُٹھائی تو آر پی او فیصل آباد غلام محمود ڈوگر نے نوٹس لیتے ہوئے سی پی او اشفاق احمد سے رپورٹ بھی طلب کرلی۔