سی ٹی ڈی کی بڑی کارروائیاں، کالعدم تنظیم کے 2 دہشتگرد ہلاک، 3 گرفتار

Last Updated On 15 January,2019 12:44 pm

فیصل آباد: (دنیا نیوز) سی ٹی ڈی نے فیصل آباد اور بہاولپور میں دہشتگردوں کے خلاف مختلف کارروائیوں میں 2 دہشتگرد ہلاک اور 3 گرفتار کر لئے۔ فیصل آباد میں ایکشن کے دوران 2 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔ ہلاک دہشت گرد سابق وزیراعظم یوسف گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی کے اغوا سمیت وارداتوں میں ملوث تھے۔ دوسری طرف انسداد دہشت گردی فورس نے بہاولپور میں خفیہ کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم کے 3 دہشت گرد گرفتار کر لئے۔ دہشت گردوں سے خودکش جیکٹس، اسلحہ، ہینڈ گرنیڈ سمیت دیگر سامان بھی برآمد ہوا۔

قانون نافذ کرنے والے ادارے چوکس، دہشت گردوں کے گرد گھیرا تنگ کر دیا۔ سی ٹی ڈی نے خفیہ اطلاع پر فیصل آباد میں کارروائی کی، ذرائع کے مطابق دہشت گرد کرائے کےگھر میں مقیم تھے، محاصرہ کئے جانے پر دہشت گردوں نے فائرنگ کر دی، جوابی فائرنگ میں 2 دہشت گرد مارے گئے۔

ہلاک ہونےوالے دہشت گردوں کی شناخت عدیل حفیظ اور عثمان ہارون کے نام سے ہوئی۔ دہشتگردوں نے سیکیورٹی اداروں پر حملے کی منصوبہ بندی بھی کررکھی تھی۔ ہلاک دہشت گرد ملتان میں حساس ادارے کے افسران کے قتل اورمتعدداہم شخصیات کے اغوا کےمنصوبے اور امریکی شہری وارن وائن سٹائن، سابق وزیراعظم یوسف گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی کے اغوا میں بھی ملوث تھے۔ دہشت گردوں سے خودکش جیکٹس، اسلحہ، ہینڈ گرنیڈ سمیت دیگر سامان بھی برآمد ہوا۔

دوسری طرف انسداد دہشت گردی فورس نے بہاولپور میں خفیہ کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم کے 3 دہشت گرد گرفتار کر لئے۔ سی ٹی ڈی حکام کے مطابق گرفتار دہشت گردوں میں سمیع اللہ، محمد شیر اور شاہ ولی شامل ہیں جن کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے۔

تینوں دہشت گردوں کو خفیہ اطلاع پر جھنگی والہ سے گرفتار کیا گیا۔ گرفتار دہشت گردوں کے قبضے سے بارودی مواد، بال بیرنگ، ڈیٹونیٹرز سمیت دیگر سامان برآمد کر لیا گیا۔ سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشت گرد بہاولپور کی حساس تنصیبات کو ہدف بنانا چاہتے تھے، تاہم ان سے مزید تفتیش جاری ہے۔