اسلام آباد: (دنیا نیوز) عوام گیس بل زیادہ آنے پر ہرگز پریشان نہ ہوں، وفاقی وزیر پیٹرولیم ڈویژن غلام سرور خان نے انوکھے ریلیف کا اعلان کر دیا، کہتے ہیں 142 ارب روپے کا خسارہ تو عوام سے ہی پورا ہو گا، ہاں حکومت آپ کو قسط کی سہولت دے گی۔ گیس کی قیمتوں میں اضافے کے ذمہ دار ہم نہیں، مسلم لیگ نون ہے۔
اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وزیر پٹرولیم غلام سرور کا کہنا تھا کہ گیس کی قیمتوں میں اضافہ کرنا موجودہ حکومت کی مجبوری ہے، سوئی سدرن اورسوئی نادرن گیس کمپنیاں 487 ارب کی گیس خریدتی ہیں جبکہ دونوں کمپنیوں کی ریکوری 333 ارب روپے ہے، سوئی نادرن کا نقصان 104ارب جبکہ سوئی سدرن کا 50 ارب روپے ہے، ہر جگہ ریلیف دیتے رہے تو پھر ادارے نہیں چل سکتے۔
غلام سرور خان نے کہا کہ سابقہ حکومت کی جانب سے بے جا سبسڈی کی وجہ سے ادائیگیوں میں توازن خراب ہوا۔ ماضی کے قرضوں کا سود اتارنے کیلئے بھی نئے قرض لینا پڑتا ہے۔
وزیر پٹرولیم کا یہ بھی کہنا تھا کہ عوام پر پڑنے والے بوجھ کا افسوس ہے۔ عوام کی سہولت کے لیے حکومت نے اقساط میں بل وصولی کی سہولت کا فیصلہ کیا ہے۔ جن صارفین کے بیس سے ساٹھ ہزار کے بل آئے ہیں وہ چار یکساں قسطوں میں جمع کراسکتے ہیں تاہم بلوں کا بوجھ عوام کو ہی برداشت کرنا پڑے گا۔
غلام سرور نے عوام کو نوید سنائی کہ گیس کے نئے کنووٴں کی کھدائی جاری ہے۔ گیس نکل آئی تو آئندہ سردیوں سے قبل صورتحال بہتر ہو جائے گی۔