اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم ساتویں عالمی حکومتی اجلاس میں شرکت کے لئے سرکاری دورے پر دبئی روانہ ہو گئے۔ عمران خان ایک روزہ دورے میں یو اے ای کی قیادت اور آئی ایم ایف سربراہ سے بھی ملاقات کریں گے۔
وزیراعظم کو دبئی کے دورے کی دعوت متحدہ عرب امارات کے وزیراعظم شیخ محمد بن راشد المکتوم نے دی ہے۔ دورے میں وزیراعظم ایک حکومتی اصلاحت سے متعلق اہم اجلاس میں شرکت کرینگے جس میں گورننس سسٹم میں بہتری کے موضوع پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ عمران خان اجلاس کے شرکا کو اپنی حکومت کے وژن اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقعوں سے آگاہ کریں گے۔ اجلاس سے عالمی رہنما، پالیسی ساز، بزنس لیڈرز اور ماہرین بھی خطاب کریں گے۔
وزیراعظم متحدہ عرب امارات کی قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ اجلاس کی سائیڈ لائن پر وہ آئی ایم ایف سربراہ کرسٹین لیگارڈ سے بھی ملاقات کرینگے۔ وزیراعظم کے دورہ دبئی میں خارجہ، خزانہ، بحری امور کے وزراء اور مشیر تجارت بھی ان کے ہمراہ ہوں گے۔