دبئی: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نشیب وفراز قوموں کی تاریخ کا حصہ، پاکستان میں اصلاحات مشکل مگر ضروری ہیں۔ سمجھدار قیادت ہمیشہ مواقع سے فائدہ اٹھا کر قوم کو ترقی دیتی ہے۔ معیشت کے شعبے میں اقدامات اور اصلاحات سے بہتری لا رہے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے ورلڈ گورنمنٹ سمٹ سے خطاب میں کہا ہے کہ پاکستان میں عوام کو ماضی کی حکومتوں پر اعتماد نہیں تھا ،اسی لیے ٹیکس کلچر فروغ نہ پا سکا، وسائل بھی حکمرانوں کی عیاشیوں پر خرچ ہوتے رہے، بہتر طرز حکمرانی ہی ترقی کی بنیاد ہے۔ حکومت شفاف ہو گی تو ملک تیزی سے ترقی کرے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ تعلیم اور قانون کی حکمرانی ترقی کی ضامن ہے۔ ہم اصلاحات کا ایجنڈا لے کر آئے ہیں، مالیاتی خسارے کو کم اور معیشت کو مضبوط کرنے کی کوشیش کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کی ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد زید سے ملاقات
عمران خان نے کہا کہ قوموں کو نشیب وفراز کا سامنا کرنا پڑتا ہے، انسان اس وقت ہارتا ہے جب وہ شکست تسلیم کر لیتا ہے۔ پاکستانی قوم بہت مضبوط اور مخیر ہے، میں پاکستان کو بہت اوپر لے جانا چاہتا ہوں۔ پاکستان میں بے شمار ٹیلنٹ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 1960ء میں پاکستان تیزی سے ترقی کر رہا تھا لیکن وقت کے ساتھ ساتھ پاکستان میں ترقی کی رفتار برقرار نہ رہی۔ خیرات میں ہم بہت آگے اور ٹیکس دینے میں بہت پیچھے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سمجھدار قیادت ہمیشہ مواقع سے فائدہ اٹھا کر قوم کو ترقی دیتی ہے۔ معیشت کے شعبے میں اقدامات اور اصلاحات سے بہتری لا رہے ہیں۔ پاکستان سیاحت کے لیے پرکشش ملک ہے۔ سیاحت سے ملائیشیا 22 ارب اور ترکی 42 ارب ڈالر کماتا ہے۔ پاکستان میں ایک ہزار کلومیٹر کی ساحلی پٹی ہے۔ پاکستان 5 ہزار سال پرانی تہذیبوں کا مرکز ہے جبکہ مذہبی سیاحت کے بھی پاکستان میں بے پناہ مواقع ہیں۔
وزیراعظم نے خطاب کے اختتام پر غیر ملکی مندوبین سے کہا کہ پہلی دفعہ پاکستان میں حکومت آئی ہے جو سرمایہ کاری کا فروغ چاہتی ہے، سرمایہ کاری ہوگی تو روزگار کے مواقع بڑھیں گے۔ سرمایہ کاروں کو بتانا چاہتا ہوں اس وقت پاکستان میں سرمایہ کاری کا بہترین موقع ہے، اس کو ضائع نہ کریں۔