عابد باکسر قتل کیس میں بے گناہ قرار

Last Updated On 14 February,2019 07:16 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سیشن کورٹ نے عابد باکسر کی قتل کیس میں عبوری درخواست ضمانت واپس کر دی، قلعہ گجر سنگھ پولیس نے عابد باکسر کو قتل کیس میں بے گناہ قرار دیا، فراڈ کیس میں عابد باکسر کی ضمانت میں 23 فروری تک توسیع کردی ہے، اس حوالے سے عابد باکسر کا کہنا تھا کہ آج جے آئی ٹی نے عدالت میں رپورٹ پیش کی ہے جس میں انہوں نے مجھے بے گناہ قرار دیا ہے۔

واضح رہے عابد باکسر پر جعلی مقابلوں میں اپنے سرپرستوں کے مخالفین کو ٹھکانے لگانے کا کام کرنے کے ساتھ ساتھ شوبز انڈسٹری پر بھی اپنی دھاک جمائے رکھنے کا الزام رہا ہے، جس کے بعد لاہور کی شوبز انڈسٹری کے کئی بڑے نام عابد باکسر کی دوستوں کی فہرست میں شامل ہوئے۔ لاہور کی معروف اسٹیج ڈانسر نرگس بھی عابد باکسر کے دوستوں میں شامل ہوئی تھیں، ابتداء میں عابد باکسر اور نرگس کے درمیان دوستی تھی، مگر پھر کسی بات پر اختلافات ہوئے تو کہا جاتا ہے کہ اس نے اداکارہ نرگس کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا، حتیٰ کے سر کے بال اور بھنویں تیز دھار آلے سے صاف کردیں، جس کا مقدمہ جوہر ٹائون تھانے میں عابد باکسر اور ساتھیوں کے خلاف 28 مارچ 2002 کو درج ہوا۔ اس واقعے کے بعد نرگس پر تشدد کے بعد عابد باکسر فلم انڈسٹری کے لیے ایک ڈان کی حیثیت اختیار کر گیا اور انڈسٹری میں کوئی بھی عابد باکسر کے خلاف بولنے کے لیے تیار نہیں تھا۔

عابد باکسر کا ساتھی اور سابق پولیس انسپکٹر نوید سعید 2005ء میں ستوکتلہ میں مخالفین کے ہاتھوں قتل ہوا تھا۔ عابد باکسر کے دیگر قریبی ساتھیوں میں قبضہ گروپوں سے پہچان بنانے والے ملک احسان، گوگی بٹ اور طیفی بٹ شامل ہیں جو مختلف ممالک میں اس کا قیام اور اخراجات برداشت کرتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق عابد باکسر اشتہاری ہونے کے بعد عارضی طور پر یورپ سمیت مختلف ممالک میں قیام پذیر رہا۔ تاہم اس نے مستقل سکونت دبئی میں اپنے دیرینہ ساتھی ملک احسان کے ساتھ ہی رکھی۔