اسلام آباد: (دنیا نیوز) شیڈول بدل گیا، سعودی ولی محمد بن سلمان سولہ کے بجائے سترہ فروری کو دو روزہ دورے پر پاکستان آئیں گے۔
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کے پروگرام میں تبدیلی کی گئی ہے وہ اب 16 کے بجائے 17 فروری کو پاکستان آئیں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سعودی ولی عہد محمد بن سلمان 17 فروری کو پاکستان کا دورہ کریں گے تاہم باقی پروگرام اسی طرح ہے ان میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
وزیراعظم عمران خان وفاقی کابینہ کے ہمراہ شہزادہ محمد بن سلمان کا استقبال کریں گے۔ شہزادہ محمد بن سلمان صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ایوان صدر سے ملاقات کریں گے اور ان کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا جائے گا۔
سعودی ولی عہد وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ اس کے علاوہ سینیٹ کا ایک وفد بھی شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کرے گا۔
شہزادہ محمد بن سلمان کے ہمراہ آنے والے سعودی وزراء اپنے پاکستانی ہم منصبوں سے ملاقاتیں بھی کریں گے جس میں دونوں ممالک کے درمیان مختلف معاہدوں پر دستخط کیے جائیں گے۔
دنیا نیوز ذرائع کے مطابق سعودی کراؤن پرنس اور ولی عہد محمد بن سلمان کے لیے بی ایم ڈبلیو سیون سیریز اور لینڈ کروزر بھی پاکستان پہنچا دی گئی ہیں۔