اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا ہے کہ اپوزیشن رہنماؤں کو عشائیے پر کیا بلائیں؟ پوزیشن رہنما بدعنوانی کے مقدموں میں یا جیل میں ہیں یا ضمانتوں پر ہیں۔
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کے کچھ رہنما مقدموں میں شامل تفتیش ہیں، جبکہ باقی بچ جانے والے اس قد کے ہی نہیں، انہیں بلانا نہ بلانا برابر ہے۔
فواد چودھری نے کہاسنجیدہ اپوزیشن کا نہ ہونا سیاسی بحران ہے، آگے جا کے کوی نئی قیادت ابھرے تو ابھرے۔
یاد رہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان 2 روزہ سرکاری دورے پر کل اسلام آباد پہنچیں گے، معزز مہمان کے استقبال کیلئے خیر مقدمی بینرز آویزاں کر دیئے گئے، سعودی ولی عہد کی وزیراعظم سے ون آن ون ملاقات ہوگی، وفود کی سطح پر مذاکرات کے بعد معاہدوں پر دستخط ہوں گے۔
اسلام آباد کی اہم شاہراہوں پر معزز مہمان کیلئے بڑے بڑے خیر مقدمی بینرز لگائے گئے ہیں، دونوں ملکوں کے قومی پرچم بھی لہرا رہے ہیں، استقبال کیلئے تاریخی اقدامات کئے گئے ہیں۔ لاہور مال روڈ پر بھی خیر مقدمی بینرز آویزاں ہیں جس میں سعودی ولی عہد سے بھرپور محبت اظہار کیا گیا ہے۔
ادھر وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے سعودی ولی عہد کے دورے سے پہلے سعودی ٹی وی چینل کو انٹرویو بھی دیا۔ ان کا کہنا تھا پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی تعلقات ہیں، تعلقات اقتصادی روابط اور اسلامی اخوت کے رشتے میں بندھے ہیں۔ انہوں نے کہا وزیراعظم کے سعودی عرب کے دوروں سےتعلقات کو وسعت ملی ہم چاہتے ہیں سعودی عرب سے تعلقات تزویراتی شراکت داری میں بدل دیں۔