اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کوخط ارسال کیا ہے جس میں انہوں نے سلامتی کونسل سے بھارتی جارحیت بند کرانے کا مطالبہ کیا۔
وزیر خارجہ نے سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس کو بھجوائے گئے خط میں کہا ہے کہ بھارت نے نہ صرف ایل او سی کی خلاف ورزی کی بلکہ پاک سرزمین کو بھی نشانہ بنایا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وہ صورتحال کی نزاکت بڑھنے پرخط ارسال کر رہے ہیں، بھارتی اقدام پاکستان کے خلاف کھلی جارحیت ہے، بھارتی جارحیت سے خطے میں امن و سلامتی کو سنگین خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔
شاہ محمود قرشی نے خط میں لکھا ہے کہ بھارتی حکمران جماعت جنگی جنون پیدا کر کے سیاسی فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں، سلامتی کونسل بھارت کے جارحانہ اقدامات فوراً رکوائے اور یہ خط سلامتی کونسل کے تمام ارکان کو بھی بھجوایا جائے۔ وزیر خارجہ کے خط کی کاپی سلامتی کونسل کے صدر کو بھجوا دی گئی ہے۔