اسلام آباد: (دنیا نیوز) آصف علی زرداری کا کہنا ہے او آئی سی اجلاس کا بائیکاٹ درست نہیں، اگر ایوان وزیر خارجہ کی عدم شرکت کا خواہشمند ہے تو مخالفت نہیں کریں گے، انتخابات کیلئے اقدامات مودی کے گلے پڑگئے ہیں۔
سابق صدر آصف زرداری نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا پائلٹ حسن صدیقی کو خراج تحسین پیش کرنا چاہتا ہوں، حسن صدیقی پاکستان کا ہیرو ہے، ہم سب جذبات سے سوچتے ہیں، مسلمان کا فرض ہے کہ جنگ کیلئے تیار رہے۔ انہوں نے کہا مودی کا ایڈونچر ناکام ہوگیا، یو اے ای کے ساتھ مذہبی اور تاریخی تعلقات ہیں، روس، ترکی، چین موجودہ صورتحال میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں، عرب رہنماؤں سے ہمارے تاریخی اور ثقافتی تعلقات ہیں۔
آصف زرداری نے مزید کہا بھارتی پائلٹ کی رہائی کے فیصلے کا خیرمقدم کرتا ہوں، جنگیں صرف افواج نہیں بلکہ قومیں لڑتی ہیں، مودی نے سب کچھ انتخابات کیلئے کیا جو اس کے گلے پڑگیا، دنیا کو بتانا چاہتا ہوں پاکستان جمہوری اور پرامن ملک ہے۔