لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان نے فضائی حدود جزوی طور پر بحال کر دیں، بھارت کے ساتھ چند روز قبل ہونے والی فضائی جھڑپوں کے بعد ضروری حفاظتی اقدامات کے پیش نظر اندرون و بیرون ملک آنے اور جانے والی پروازوں کو وقتی طور پر روک دیا گیا تھا۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق پاکستانی فضائی حدود کی بحالی کے بعد یوکرین اور سعودی ایئرلائن کی 2 پروازوں کو گزرنے کی اجازت دی گئی، دونوں غیرملکی پروازیں نواب شاہ اور کراچی کے علاقوں سے گزر رہی ہیں۔
یاد رہے کہ بھارت نے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستان پر جارحیت کی تھی، چند روز قبل بھارتی فضائیہ کے طیارے دراندازی کرتے ہوئے پاکستانی فضائی حدود میں گھس گئے جنہیں پاکستانی ائیر فورس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے نہ صرف مار بھگایا بلکہ اگلے 24 گھنٹوں کے دوران 2 بھارتی طیاروں کو گرا کر ایک پائلٹ بھی گرفتار کر لیا تھا۔ تاہم حفاظتی اقدامات کے تحت مسافر طیاروں کیلئے فضائی حدود کو بند کر دیا گیا تھا۔