کوئٹہ: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ جام کمال کا کہنا ہے کہ بلوچستان پولیس افسران اور اہلکاروں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے جنہیں خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔
کوئٹہ میں انسداد دہشت گردی فورس کے دو سو سے زائد جوانوں کی 4 ماہ کی تربیت مکمل کرنے پر پاسنگ آؤٹ پریڈ منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال تھے جبکہ آئی جی پولیس بلوچستان سمیت دیگر اہم شخصیات بھی تقریب میں شریک تھیں۔
اے ٹی ایف کے بہادر ریکروٹس نے تربیت کے دوران سیکھی گئی مختلف مہارتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا اور عوام کے جان ومال کے تحفظ کا حلف بھی اٹھایا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے دہشت گردی کی جنگ میں بلوچستان پولیس کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ آئی جی پولیس بلوچستان محسن حسن بٹ نے تقریب سے خطاب میں وزیراعلیٰ بلوچستان کو محکمے کے مسائل سے آگاہ کیا۔
تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی نے تربیت کے دوران نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں میں انعامات تقسیم کئے۔