مصطفی نواز کھوکھر سمیت 70 کارکنوں کیخلاف اسلام آباد میں مقدمہ درج

Last Updated On 21 March,2019 12:01 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پیپلزپارٹی کو آصف زرداری اور بلاول بھٹو کی پیشی کے موقع پر پولیس کے ساتھ زور آزمائی مہنگی پڑی، پولیس نے سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر سمیت 70 جیالوں کے خلاف ایف آر کاٹ دی۔

 ذرائع کے مطابق سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر کی گرفتاری کیلئے چیئرمین سینیٹ سے رابطہ کیا جائے گا، چیئرمین سینیٹ کی اجازت کے بعد پی پی سینیٹر کی گرفتاری کا امکان ہے۔ ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ پیپلزپارٹی کارکنان جلوس کی شکل میں حکومت اور نیب کیخلاف توہین آمیز نعرے بازی کرتے ہوئے آبپارہ سے نادرا چوک آئے۔

علاقہ مجسٹریٹ نے دفعہ 144 کے نفاذ سے آگاہ کرتے ہوئے منتشر ہونے کا کہا تو پی پی کارکنان نے پولیس اہلکاروں پر حملہ کر دیا اور رکاوٹیں توڑتے ہوئے نیب دفتر کے باہر پہنچ گئے، پی پی کارکنوں کے حملے میں 9 پولیس اہلکار اور ایک صحافی زخمی ہوا، حملہ کرنے والے 20 کارکنوں کو گرفتار کر لیا گیا تاہم مصطفیٰ نواز کھوکھر، راجا شکیل عباسی سمیت 50 افراد موقع سے فرار ہو گئے۔