اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایف اے ٹی ایف کے ایشیا پیسفک گروپ سے مذاکرات کے دوسرے دن پاکستان کے حوالے سے جائزہ رپورٹ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق دوسرے دن ہونے والے اجلاس میں پاکستان کے لیے 40 تجاویز میں سے 9 کا جائزہ لیا گیا۔ ایشیا پیسفک رپورٹ پر موثر دفاع کرتے ہوئے وزارت خزانہ نے منی لانڈرنگ کے لیے قوانین اور ریگولیشنز پر بریفنگ دی۔
دنیا نیوز ذرائع کے مطابق پاکستانی حکام نے اجلاس میں یقین دہانی کرائی کہ غیر منافع بخش اداروں کی ٹرانزیکشن کا ریکارڈ رکھا جائے گا جبکہ غیر منافع بخش اداروں کی ریگولیشنرز بہتر بنائی گئی ہیں۔
اجلاس میں ایف اے ٹی ایف حکام کو مالیاتی اداروں کے اہداف سے آگاہ کیا گیا جبکہ مشکوک ٹرانزیکشن اور جعلی اکاؤنٹس کے خلاف کاروائیوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔
پاکستانی حکام نے بتایا کہ مالیاتی اداروں کی تمام ٹرانزیکشن مانیٹر کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے مشکوک فرم اور ٹرسٹ کی رجسٹریشن روکنے کے لیے اقدامات کی یقین دہانی بھی کرائی اور کہا کہ وفاق کی طرح صوبائی اور ضلعی سطح پر رجسٹریشن موثر بنائی جائے گی۔