اسلام آباد: (دنیا نیوز) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی نے ائیرپورٹس پر موبائل رجسٹریشن کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے ایف بی آر کو اگلے اجلاس میں طلب کر لیا ہے۔
چیئرپرسن کمیٹی سینٹر روبینہ خالد کی زیر صدارت قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں سینٹر عتیق شیخ نے کہا کہ ائیرپورٹس پر موبائل رجسٹریشن کے نام پر لوگوں کو تنگ کیا جا رہا ہے۔ کیا ایف بی آر نے کوئی ریونیو بھی اکٹھا کیا ہے؟ سیکنڈ ہینڈ موبائلز کے لیے پالیسی تیار ہی نہیں تو ٹیکس کیسے لیا جا رہا ہے؟
سینیٹر کلثوم پروین کا کہنا تھا کہ موبائل فون رجسٹریشن اور ٹیکس کے حوالے سے ایف بی آر کو طلب کیا جائے۔ چیئرپرسن کمیٹی نے کہا کہ موبائل فون ایک ضرورت ہے، یہ لگژری آئٹم نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سائبر سیکیورٹی ایک سنجیدہ معاملہ ہے، مگر وزیر آئی ٹی آئے ہی نہیں۔ سائبر سیکیورٹی ایک ایسی جنگ ہے جو بظاہر نظر نہیں آتی۔ ہمارے تحفظات ہیں ہمیں بتایا جائے کہ ہماری تیاری کیا ہے؟
سیکرٹری آئی ٹی نے بتایا کہ سائبر سیکورٹی کا ان کیمرہ اجلاس بلایا جائے تو تفصیلی بریفنگ دے دیں گے۔ کمیٹی نے سفارش کی کہ تمام وزارتوں کے سیکرٹریز کو خط لکھ کر سختی سے ہدایت کی جائے کہ کلاسیفائیڈ انفارمیشن کے لیے سرکاری ای میل استعمال کیا جائے۔