اسلام آباد: سول ایوی ایشن حکام نے پاکپتن کے رہائشی کو چھوٹا طیارہ واپس دلوا دیا۔ سی اے اے کی ٹیم نے رنگ شاہ تھانے سے طیارہ چھڑوا کر محمد فیاض کے سپرد کر دیا۔
ترجمان سول ایوی ایشن کا کہنا تھا کہ طیارہ بنانے والے نوجوان کے جذبے اور مہارت کی قدر کرتے ہیں۔ مزید مہارت کے حصول کے لیے اس کی ہر ممکن رہنمائی کی جائے گی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب شہباز گل نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ سے بتایا تھا کہ مقامی حکام سے بات ہو گئی ہے۔ محمد فیاض کی مشینری انھیں واپس کر دی گئی ہے۔ سول ایوی ایشن حکام سے ان کی ملاقات کا انتظام کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں پاکپتن کے علاقے تھانہ رنگشاہ کی پولیس نے طیارہ بنانے والے نوجوان فیاض کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا تھا۔ نوجوان کے خلاف درج ایف آئی آر میں کہا گیا تھا کہ طیارہ بغیر پرمٹ کے بنایا گیا جبکہ اس سلسلے میں حکومتی اجازت نامہ بھی نہیں ہے، نوجوان نے جہاز پر کرتب بھی دکھائے پولیس پہنچی تو جہاز لینڈ کر رہا تھا۔
بعد ازاں نوجوان کو پاکپتن کی عدالت میں پیش کیا گیا جس نے جہاز بنانے والے نوجوان کو تین ہزار روپے جرمانہ کر کے چھوڑنے کا حکم جاری کیا تھا۔
نوجوان فیاض کا کہنا تھا کہ جہاز بنانے کے لیے ایک ایکڑ زمین بیچ دی تھی۔ طیارہ بنانے پر داد دینے کے بجائے ہتھکڑیاں لگا دی گئیں، حکومت اس سلوک کا نوٹس لے۔