لاہور: (دنیا نیوز) ادویات کی قیمتوں میں اضافے کے معاملے پر پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرا دی گئی ہے جس میں اسے فوری واپس لینے کا مطالبہ کر دیا گیا ہے۔
مسلم لیگ ن کی رکن پنجاب اسمبلی ثانیہ عاشق کی جانب سے جمع کرائی جانے والی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت کی ملی بھگت سے فارماسوٹیکل کمپنیوں نے ادویات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کر دیا ہے۔ ادویات مہنگی ہونے کے باعث غریب مریضوں کی زندگیاں داؤ پر لگ گئی ہیں۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ریلیف کی دعویدار تحریک انصاف کی حکومت میں چالیس سال میں سب سے زیادہ ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے۔ قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ ادویات کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ واپس لیا جائے تا کہ غریب مریض اپنا علاج معالجہ کروا سکیں۔