اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے شریک چیئرمین پیپلزپارٹی آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فرالھ تالپور کی ضمانت میں 29 اپریل تک توسیع کر دی۔ نیب سے تین روز میں جواب طلب کر لیا۔
سماعت کے آغاز پر جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا عدالت میں اتنے حمایتیوں کو کیوں لایا جاتا ہے ؟ وکیل فاروق نائیک نے جواب دیا زرداری صاحب نے لوگوں کو کورٹ میں آنے سے منع کر رکھا ہے۔ نیب نے عدالت کو بتایا آصف زرداری کی درخواست ضمانت پر جواب تیار ہے، جمع کرانے کے لئے مہلت دیں۔ جسٹس عامر فاروق نے کہا یہ بھی بتائیں، آصف زرداری کے خلاف کتنے کیسز ہیں ؟ نیب کے وکیل نے جواب دیا آصف زرداری کو جن کیسز میں طلب کیا اس کی تفصیل بتا دیں گے۔
جسٹس محسن اختر کیانی نے نیب سے سوال کیا کہیں آپ ملزمان کو سرپرائز تو نہیں دیں گے ؟ نیب وکیل نے بتایا آصف زرداری کے خلاف 2 انوسٹی گیشنز اور 3 انکوائریز ہیں، جن کیسز میں ابھی طلب نہیں کیا اس کی تفصیل نہیں بتا سکتے۔ اس پر جسٹس عامر فاروق کا کہنا تھا یہ آپ کی صوابدید ہے لیکن الگ الگ کر کے بتائیں۔ عدالت نے نیب سے تین روز میں جواب طلب کرتے ہوئے سماعت 29 اپریل تک ملتوی کر دی۔