اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے جعلی اکاؤنٹس کیس کے 4 ملزموں کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستیں منظور کر لیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے جعلی اکاؤنٹس کیس کے ملزم راحیل مبین، کرسٹوفر سٹیون، غضنفر احسن اور محمد ناصر کی عبوری ضمانتیں 22 اپریل تک منظور کی گئی ہیں۔
چاروں ملزموں کی ضمانتوں کی درخواستیں منظور کرتے ہوئے اسلام آباد ہائی کورٹ نے نیب سمیت تمام فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ہے۔
کیس کی سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ کے ڈویژن بنچ نے کی۔ ڈویژن بنچ میں جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی شامل ہیں۔ درخواستوں میں عدالت سے استدعا کی گئی تھی کہ ٹرائل مکمل ہونے تک ضمانت قبل از گرفتاری منظور کی جائے۔ چاروں ملزمان کو 8 اپریل کو احتساب عدالت نے طلب کیا تھا۔