اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی ضمانت قبل از گرفتاری منظور کر لی، عدالت نے نیب کو نوٹس جاری کر دیا۔
ایک اور ن لیگی رہنما کو ریلیف مل گیا، ایل این جی کیس میں مفتاح اسماعیل کی ضمانت قبل از گرفتاری اسلام آباد ہائیکورٹ نے منظور کر لی۔ ن لیگی دور حکومت میں وزیر خزانہ کے عہدے پر فائز رہنے والے مفتاح اسماعیل کی عبوری ضمانت 7 مئی تک منظور کی گئی ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے مفتاح اسماعیل کی درخواست پر نیب کو بھی نوٹس جاری کر دیا۔
یاد رہے کہ مفتاح اسماعیل پہلے بھی حفاظتی ضمانت کیلئے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کر چکے ہیں جس میں عدالت نے سابق وزیرخزانہ کی 10 دن کیلئے حفاظتی ضمانت منظور کی تھی۔ انھیں 2 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا گیا تھا۔ اس وقت بھی انھیں نیب کی گرفتاری کا خوف لاحق تھا۔