لاہور: (دنیا نیوز) بیساکھی میلے میں شرکت کے لیے بھارت سے آئے سکھ یاتری لاہور سے واپس وطن روانہ ہو گئے، سکھ یاتریوں نے کرتارپور منصوبے پر وزیراعظم عمران خان کی تعریف بھی کی اور پاکستان کی مہمان نوازی کو بھی سراہا۔
بھارت سے آئے 1858 سکھ یاتری خوشگوار یادوں کے ساتھ وطن واپس روانہ ہو گئے، سکھ یاتری 12 اپریل کو بیساکھی میلے میں شرکت اور اپنی مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لئے واہگہ بارڈ کے راستے پاکستان آئے تھے، کیا بڑے، کیا چھوٹے، سب پاکستان کی مہمان نوازی پر خوش نظر آئے۔
سکھ یاتریوں کا کہنا تھا کہ انہیں خوشی ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے کرتار پورمنصوبے کی بنیاد رکھی، پاکستان آ کر محسوس ہوا کہ ہم اپنے ہی گھر آئے ہیں۔
اس موقع پر سیکرٹری متروکہ وقف املاک بورڈ طارق وزیر نے سکھ یاتریوں کو تحائف دیئے اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ سکھ یاتریوں کی واپسی پر لاہور ریلوے سٹیشن پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔