بھارت کی کنٹرول لائن کے آرپار تجارت پرپابندی قابل تشویش،دفترخارجہ

Last Updated On 21 April,2019 03:42 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان دفترخارجہ نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے کنٹرول لائن کے آرپار تجارت پر یکطرفہ پابندی قابل تشویش ہے، تجارتی سرگرمیوں کے غلط استعمال کے بھارتی الزامات ماضی کے جھوٹے پراپیگنڈے کا حصہ ہیں۔

کنٹرول لائن کے آر پار تجارت پر بھارت کی یک طرفہ پابندی پر پاکستان کا اظہار تشویش، تجارتی سرگرمیوں کو غلط استعمال کرنے کے بھارتی الزامات مسترد کرتے ہوئے بھارت کو یکطرفہ اقدامات سے باز رہنے اور مسائل کو تعمیری بات چیت سے حل کرنے کا مشورہ دے دیا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کنٹرول لائن کے آرپار تجارتی روٹ کو اسمگلنگ، منشیات، جعلی کرنسی اور دہشت گردی کے لئے استعمال کرنے کے بھارتی الزامات بے بنیاد ہیں، بھارت مقبوضہ کشمیر کے عوام کی جدوجہد کو مبینہ دہشت گردی سے جوڑنا چاہتا ہے۔

ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان سے مشاورت کئے بغیر کٹرول لائن پر تجارت بند کرنا قابل تشویش ہے، اس سے مصائب کا شکار کشمیریوں کی مشکلات بڑھیں گی، پاکستان کشمیریوں کے درمیان معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے سہولتیں فراہم کرتا رہے گا۔