راولپنڈی: (دنیا نیوز) سابق وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے کہا کہ میں دعوے سے کہتا ہوں کہ ہر حکومت کا حصہ بن سکتا ہوں، مجھے بہت سی پیشکشیں ہوئیں لیکن میں نے انہیں جھٹلا دیا، ذرا سی بات کی تشہیر ہو جاتی اور میں تشہیر کا قائل نہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ وزیراعلٰی پنجاب بنائے جانے کے بارے میں جنہوں نے شوشہ چھوڑا، وہی اس کا جواب بھی دیں۔ رواں سال کے آخر تک مہنگائی عوام کی چیخیں نکلوا دیگی۔ روات میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیرداخلہ نے کہا کہ اس وقت معاشرہ تنزلی کا شکار ہے یہاں سب بکتے ہیں اور بک رہے ہیں، عوام بھی چہرے بدلنے والوں کو قبول کرتے ہیں، حلال اور حرام کی تمیز ختم ہو گئی، اقتدار کی خواہش نہیں میں نے روزہ رکھا ہوا ہے، جب افطاری ہو گی تو مزہ آئیگا۔
چودھری نثار نے کہا کہ سیاست عہدے کے لئے نہیں عوام کیلئے کرتا ہوں، صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ اگر وہ عمران خان کے ساتھ ہوتے تو کہتے کہ ایک جگہ اکٹھے ہو جائیں کیونکہ آج اتحاد کی ضرورت ہے، صوبائی اسمبلی کا حلف نہیں اٹھائوں گا کیونکہ قومی اسمبلی کی نشست پر میرے ساتھ ہاتھ ہوا، تحریک انصاف خود کو مقبول جماعت کہتی ہے تو الیکشن کرا کر دیکھ لے۔