کراچی: (دنیا نیوز) غلط انجکشن لگنے سے نشویٰ کی ہلاکت کا معاملہ، سندھ حکومت نے والد قیصر علی کا مطالبہ منظور کرتے ہوئے آزاد انکوائری کمیشن بنانے کا مطالبہ مان لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق غلط انجکشن لگنے سے جاں بحق ہونے والی بچی نشویٰ کی ہلاکت کے معاملے پر اس کے والد قیصر علی کا مطالبہ منظور کرتے ہوئے سندھ حکومت نے آزاد انکوائری کمیشن بنانے کا مطالبہ مان لیا ہے جس کے بعد جوہر موڑ پر دھرنا ختم کر دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ نشویٰ کے والد قیصر نے حکومت سے ہسپتال مالکان کو گرفتار کرنے اور غیر لائسنس یافتہ ہسپتالوں کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے دھرنا دے دیا تھا۔
دھرنے کے شرکا نے پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے ہیں جن پر تحریر ہے کہ ڈاکٹرز کی لاپرواہی غفلت نہیں جرم ہے۔ ہسپتالوں میں موت کا کاروبار بند کرو۔
اس سے قبل انہوں نے اپنی رہائشگاہ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دارالصحت ہسپتال کیخلاف انکوائری کمیشن بنانے کا مطالبہ کیا تھا۔ مطالبات کی منظوری کیلئے ڈیڈ لائن بھی دی گئی تھی لیکن ہمارے مطالبات پورے نہیں کیے گئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پورے کراچی میں صرف پانچ ہسپتالوں کے پاس لائسنس ہے۔ غیر لائسنس یافتہ ہسپتالوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔