لاہور: (دنیا نیوز) معاون خصوصی اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ حکومت نے کسی کو بھی این آر او نہیں دیا یہ لوگ این آر او کی تلاش میں ہیں۔ شہباز شریف بیماری کا کہہ کر بیرون ملک گئے۔ انہوں نے خود ساختہ مفروری اختیار کی ہوئی ہے۔ ایک بھائی فرار ہو گئے جبکہ دوسرے تیاریوں میں لگے ہوئے ہیں۔
دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے بیانیے پر عمل کر کے مسلم لیگ ن نے شہباز شریف کو اپوزیشن لیڈر اور چیئر مین پبلک اکائونٹس کمیٹی کے عہدے سے سبکدوش کرایا۔ لگتا ہے وہ لندن سے واپس نہیں آئیں گے۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا خصوصی گفتگو کے دوران مزید کہا تھا کہ کرپشن اور جمہوریت اکٹھی نہیں چل سکتیں۔ شہباز شریف کو واپس آنا ہوتا تو وہ اپنی جگہ کسی اور کی نامزدگی نہ کرتے۔
ایک اور تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معاون خصوصی اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم ہر ادارے میں اصلاحات متعارف کرا رہے ہیں۔ ماضی کے سیاستدان اپنے مفادات کا سوچتے رہے۔ مخلص لیڈر ہمیشہ ملک و قوم کے مفادات کو ذاتی مفادات پر ترجیح دیتا ہے۔