ملتان: (دنیا نیوز) داتا دربار کے باہر ہونے والے دھماکے میں ملتان کے جاں بحق ہونے والے ایک ہی خاندان کے تین افراد کی نمازہ جنازہ انکے آبائی علاقے میں ادا کر دی گئی۔
لاہور میں داتا دربار کے باہر دھماکے میں رفیق احمد اسکا بیٹا احمد رفیق اور کزن مشتاق جاں بحق ہو گئے تھے جن کی میتیں ملتان میں انکے آبائی علاقے جھنڈے والا پہنچائی گئیں تھی۔ دھماکے میں جاں بحق ہونے والے ایک ہی خاندان کے تینوں افراد کی نماز جنازہ میں اہل علاقہ سمیت دور دراز سے آئے لوگوں نے بڑی تعداد شرکت کی۔ اس موقع پر ہر کوئی غمزدہ اور ہر آنکھ اشک بار دیکھائی دی۔
نمازہ جنازہ میں ڈپٹی کمشنر، سی پی او اور صوبائی وزیر توانائی سمیت ضلعی انتظامیہ کے آفیسران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین اور اہل علاقہ کا کہنا تھا کہ حکومت اس دہشت گردی میں ملوث افراد کو جلد کیفر کردار تک پہنچائے، نمازہ جنازہ کے بعد تینوں افراد کو آہوں اور سسکیوں میں سپرد خاک کر دیا گیا۔