لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کی ضلع کچہری کی عدالت نے پاکستانی لڑکیوں سے شادی کر کے بلیک میل کرنے کے سکینڈل میں گرفتار 11 چائنیز ملزمان کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔
پاکستانی لڑکیوں سے شادی کر کے چین میں غیر اخلاقی کاموں پر مجبور کرنے والے سکینڈل میں ملوث 11 گرفتار چائنیز کو ایف آئی اے حکام نے ضلع کچہری کی عدالت میں پیش کیا جہاں جوڈیشل مجسٹریٹ عامر رضا نے مقدمہ پر سماعت کی، ملزمان کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ کے بعد پیش کیا گیا تھا۔
ایف آئی اے نے ملزمان سے تفتیش کی رپورٹ عدالت میں جمع کروا دی، ایف آئی اے کے مطابق ملزمان منظم گروہ بنا کر لڑکیوں سے غیر اخلاقی کام کراتے تھے، چائینز نوجوان پاکستانی ایجنٹوں کے ساتھ مل کر پاکستانی لڑکیوں سے شادی کرتے تھے، بعد میں ان لڑکیوں سے جسم فروشی کا دھندہ کروایا جاتا تھا، ایف آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے 8 مئی کو 11 چائیز سمیت 13 ملزموں کو گرفتار کیا تھا۔
مقدمہ میں ملوث 2 پاکستانی ملزمان شوکت علی اور محمد انصر جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں۔