پشاور میں ڈاکٹروں کی ہڑتال جاری، مریض رُل گئے

Last Updated On 17 May,2019 05:24 pm

پشاور: (دنیا نیوز) پشاور میں ڈاکٹروں اور وزیر صحت کے درمیان جھگڑے کے واقعہ کے بعد ڈاکٹروں کی تمام بڑے سرکاری ہسپتالوں میں ہڑتال تیسرے روز بھی جاری ہے۔ او پی ڈیز اور دیگر شعبے بند ہونے سے مریضوں اور تیمار داروں کو سخت کا مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کے وزیر صحت اور ڈاکٹروں کے درمیان تنازعات حل نہیں ہو سکے ہیں۔ ڈاکٹروں نے صوبے بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں تیسرے روز بھی او پی ڈیزکا بائیکاٹ کیا جس سے مریض رل گئے۔

صوبائی وزیر صحت ہشام انعام اللہ سمیت عمران خان کے کزن نوشیروان برکی اور ڈاکٹر ضیاء الدین کے مابین جھگڑے کا معاملہ تاحال حل نہ ہو سکا۔ ڈاکٹروں کی ہڑتال کے باعث دور درازعلاقوں سے آنے والے مریضوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

دوسری جانب وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی کہتے ہیں کہ کل سے ہر صورت میں او پی ڈیز کھلیں گی، کسی نے رخنہ ڈالا تو آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

وزیر اطلاعات نے پریس کانفرنس میں ڈاکٹرز کونسل کے وزیر صحت اور نوشیروان برکی کے مستعفی ہونے کے مطالبہ کو مسترد کر دیا۔