پشاور: (دنیا نیوز) پشاور میں ڈاکٹروں کی ہڑتال آج ساتویں روز میں داخل ہوگئی، لیڈی ریڈنگ کےعلاوہ صوبے کے تمام ہسپتالوں میں او پی ڈی اور دیگر سروسز کا بائیکاٹ ہے۔
ڈاکٹروں اور صوبائی وزیر صحت کے درمیان تنازعے کے بعد صوبے بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کا او پی ڈیز، آپریشن اور وارڈز سے بائیکاٹ آج ساتویں روز بھی جاری رہا۔ ڈاکٹروں کی ہڑتال کے باعث ہسپتالوں کو آنے والے مریضوں کوسخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ مریضوں کا کہنا ہے ہڑتال کے اعلان کے بعد سے ڈاکٹر وارڈز میں نہیں آ رہے۔
دوسری جانب ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ حکومت نے مطالبات تسلیم نہ کئے تو پیرا میڈیکل کے ساتھ مل کر ہڑتال و احتجاج رکھا جائے گا۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے ڈاکٹروں کے مسائل سننے کے لیے مذاکرات کی دعوت دی ہے جو آج متوقع ہیں۔