لاہور: (دنیا نیوز) ماہ صیام کا تیسرا اور آخری عشرہ شروع ہوتے ہی ملک بھر کی طرح لاہور کی مساجد میں بھی فرزندان اسلام کی بڑی تعداد اعتکاف پر بیٹھ گئی۔
سنتِ رسول ﷺ پر عمل پیرا یہ افراد چاند رات تک خصوصی عبادات میں شرکت کریں گے اور قبولیت کی گھڑی لیلۃ القدر کو تلاش کریں گے۔
رحمتیں اور برکتیں سمیٹنے اور خصوصی عبادات میں شریک ہونے کے لئے لاہور بھر کی مساجد میں اعتکاف کے انتظامات مکمل کیے گئے۔ لاہور کی تاریخی بادشاہی مسجد، داتا دربار، جامعہ نعمیہ، جامعہ اشرفیہ اور شہر اعتکاف سمیت تمام چھوٹی بڑی مساجد میں معتکفین نمازِ عصر کے بعد اعتکاف پر بیٹھ گئے۔
بادشاہی مسجد میں 2 ہزار سے زائد لوگوں کی درخواستیں موصول ہوئیں لیکن سکیورٹی خدشات کے پیش نظر 400 افراد کو اعتکاف پر بیٹھنے کی اجازت دی گئی۔
پنجاب کے مختلف شہروں سے بادشاہی مسجد کا رخ کرنے والے معتکفین کا کہنا تھا کہ اعتکاف پر بیٹھ کر انہیں روحانی سکون ملتا ہے۔
جہنم کی آگ سے نجات کے اس عشرے میں لیلۃ القدر بھی موجود ہے، جس کے لیے مساجد میں خصوصی دعاؤں کا اہتمام بھی کیا جاتا ہے۔ اعتکاف پر بیٹھنے والوں کے لئے محکمہ اوقاف، مساجد کی انتظامی کمیٹیاں اور مخیر حضرات سحری اور افطاری کا اہتمام کرتے ہیں۔