نئی دہلی: (روزنامہ دنیا) بالاکوٹ حملے کے بعد 27 فروری کو جموں و کشمیر کی دفاعی تنصیبات پر پاکستان کی جوابی کارروائی میں بھارتی فوج کے دو اعلیٰ کمانڈر بال بال بچے تھے۔
روسی خبر رساں ادارے کی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ بالاکوٹ حملے کا جواب دینے کیلئے پاکستان لڑاکا طیاروں نے جموں و کشمیر کے راجوڑی سیکٹر کے بریگیڈ ہیڈکواٹرز پر ایچ 4 SOW بم گرائے، جوکہ احاطے میں گرے، بھارتی فوج کی شمالی کمانڈ کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل رنبیر سنگھ اور 16 کور کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل پرمجیت سنگھ بریگیڈ ہیڈکواٹرز سے اس وقت 700 میٹر دور ایک چوکی پر گئے ہوئے تھے۔
جوابی حملے کے بعد ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور نے دعویٰ کیا کہ پاک فضائیہ حملے میں یہ بات یقینی بنائے گی کہ عام شہریوں کو نقصان نہ پہنچے کیونکہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست اور امن چاہتا ہے ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ کسی فوجی ہدف کو بھی نشانہ نہیں بنایا جائیگا۔ تاہم بھارتی دفاعی ذرائع نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے پاکستانی ریڈیو کمیونیکیشنز میں سنا کہ پاک فضائیہ بھارتی دفاعی اثاثوں کو نشانہ بنانا چاہتی تھی۔