لاہور ہائیکورٹ، حمزہ شہبازکی عبوری ضمانت میں غیرمعینہ مدت تک توسیع

Last Updated On 28 May,2019 02:02 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے ن لیگی رہنما حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں غیر معینہ مدت تک توسیع کر دی جس کے بعد حمزہ شہباز عدالت سے واپس روانہ ہو گئے، لیگی کارکن حمزہ شہباز کے حق میں نعرے بازی کرتے رہے۔ قبل ازیں حمزہ کی جانب سے عدالت پر عدم اعتماد کے اظہار پر 2 رکنی بنچ نے سماعت سے معذرت کرتے ہوئے کیس کی فائل چیف جسٹس کو بھجوا دی.

لاہور ہائیکورٹ میں رمضان شوگر مل کیس کی سماعت جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے کی، حمزہ شہباز نے عدالت پر عدم اعتماد کا اظہار کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ گرفتاری سے نہیں ڈرتا، عدالت کا احترام کرتا ہوں۔ بیٹی کی سرجری ہوئی جس کے لئے تین ہفتوں کے لیے بیرون ملک گیا۔

حمزہ شہباز کی جانب سے عدالت پر عدم اطمینان کے اظہار کے بعد 2 رکنی بنچ نے سماعت سے معذرت کر لی اور کیس کی فائل کسی دوسرے بینچ کے پاس بھجوانے کے لیے چیف جسٹس کو ارسال کر دی گئی جبکہ حمزہ شہباز کی مذکورہ کیس میں غیر معینہ مدت کیلئے عبوری ضمانت کی درخواست منظور کر لی گئی۔

عدالت کے باہر موجود لیگی کارکنان کو جب عبوری ضمانت میں غیر معینہ مدت کیلئے توسیع کی اطلاع ملی تو انھوں نے حمزہ شہباز کے حق میں نعرے بازی شروع کر دی، اس دوران حمزہ شہباز کارکنان کو دیکھ کر ہاتھ ہلاتے رہے اور کچھ دیر بعد عدالت سے روانہ ہو گئے۔