خالص ہائیڈل منافع کے تعین کیلئے تمام معاملات حل کر لیے جائیں گے، خسرو بختیار

Last Updated On 31 May,2019 08:23 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی خسرو بختیار نے کہا ہے کہ خالص ہائیڈل منافع کے تعین کے حوالے سے تمام معاملات حل کر لیے جائیں گے۔

کمیٹی نے اتفاق کیا کہ صوبوں کو خالص ہائیڈل منافع کی ادائیگی آئینی ذمہ داری ہے۔ کمیٹی نے خالص ہائیڈل منافع کے تعین کے لیے مزید غور کرنے پر اتفاق کیا تاکہ معاملہ کا جلد حل تلاش کیا جا سکے اور مشترکہ مفادات کونسل کے آنے والے اجلاس میں اس کی رپورٹ پیش کی جا سکے۔

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی واصلاحات مخدوم خسرو بختیار نے ڈپٹی چئرمین پلاننگ کمیشن کی حیثیت سے جمعہ کو اسلام آباد میں خالص ہائیڈل منافع کے معاملے پر غور کرنے کیلئے مشترکہ مفادات کونسل کی جانب سے قائم کی گئی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے توانائی، پاور ڈویژن، منصوبہ بندی، آبی وسائل اور آئی پی سی وزارتوں کے سیکرٹریز، ممبر توانائی اور متعلقہ وزارتوں کے اعلیٰ حکام بھی اجلاس میں شریک تھے۔

اجلاس میں تکنیکی ذیلی کمیٹی کی رپورٹ پر تبادلہ خیال کیا گیا جو سیکرٹری پاور ڈویژن کی صدارت میں خالص منافع ریٹ کے معاملے پر غور کرنے کیلئے تشکیل دی گئی تھی۔

اجلاس میں اس معاملے پر تمام اہم سٹیک ہولڈرز بشمول خیبر پختونخوا، پنجاب اور واپڈا کے نقط نظر پر بھی غور کیا گیا۔