وزیراعظم کا مستحکم افغانستان کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ

Last Updated On 01 June,2019 08:33 am

جدہ: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ وہ ایک پرامن اور مستحکم پاکستان کیلئے پرعزم ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے یہ بات مکہ مکرمہ میں افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعظم نے افغانوں کے زیر قیادت سیاسی حل کی مکمل حمایت کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے پاک افغان دو طرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے بیان کے مطابق ملاقات کے دوران پاک افغان دو طرفہ تعلقات، افغان مفاہمتی عمل اور خطہ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان نے پرامن اور پائیدار افغانستان کے حوالہ سے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور افغانستان میں سیاسی حل کیلئے افغان حکومت اور عوام کی قیادت میں امن عمل کیلئے پاکستان کی جانب سے مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی۔

انہوں نے کہا کہ صدر اشرف غنی کا اگلا دورہ پاکستان سیاسی، سیکورٹی، اقتصادی اور پاک۔افغان تعلقات کے تمام پہلوﺅں پر مزید توجہ مرکوز کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔

اس کے علاوہ وزیراعظم پاکستان عمران خان اور مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی کے درمیان ملاقات بھی ہوئی جس میں دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کے فروغ پر بات چیت کی گئی۔

وزیراعظم عمران خان اور مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی کے درمیان ملاقات جمعہ کو یہاں 14ویں اسلامی سربراہ کانفرنس کے موقع پر ہوئی۔

وزیراعظم عمران خان اور مصری صدر کے درمیان ملاقات میں باہمی دلچسپی، علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماوں نے تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔