لاہور: (دنیا نیوز) محکمہ موسمیات نے آج پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش کی نوید سنا دی، ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔
آج پشاور، مردان، ہزارہ، راولپنڈی، اسلام آباد میں بادل برسنے کی امید ہے۔ محکمہ موسمیات نے گوجرانوالہ ڈویژن، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہیگا، عید کے تینوں روز بھی سورج کے مزاج شدید برہم رہنے کی پیش گوئی کر دی گئی، پارہ 46 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کرسکتا ہے۔
گرمی کی شدید لہر نے پنجاب کے میدانی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ محکمہ موسمیات کی طرف سے پیش گوئی کی گئی ہے کہ عید کے تینوں ایام کے دوران بھی گرمی کی شدید لہر جاری رہے گی۔
بتایا گیا ہے کہ لاہور میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کرسکتا ہے۔ موجودہ صورت حال کو ماہرین کی طرف سے ہیٹ ویو قرار دیا جا رہا ہے۔