لاہور: (شمس کیریو ) پیپلز پارٹی نے وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ کی گرفتاری کے امکان پر بھی مشاورت شرو ع کر دی۔
ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کی قیادت سید مراد علی شاہ کی گرفتاری کی صورت میں ناصر حسین شاہ کو نیا وزیر اعلیٰ بنانے کی تیاری کر رہی ہے۔ وہ پیپلز پارٹی خواتین ونگ کی سربراہ فریال تالپور کے قریب بتائے جاتے ہیں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ ممکنہ گرفتاری سے بچنے کیلئے اپنے تمام ذرائع استعمال کر رہے ہیں ان پر الزام ہے کہ انہوں نے تصدیق کئے بغیر سیاسی دباؤ پر سندھ حکومت کے خزانے سے اربوں روپے کی رقم شوگر ملز کو سبسڈی میں دی اور ان شوگر ملز کو بھی سبسڈی دی جن کی کوئی مشینری ہی نہیں تھی۔
ان پر دوسرا الزام ہے کہ انہوں نے محکمہ خزانہ سے دیگر محکموں کو جاری کی جانے والی رقوم سے ملنے والی کمیشن کی رقم کہاں خرچ کی اسکا بھی کوئی ریکارڈ نہیں ہے کہ متعلقہ رقم کہاں خرچ کی گئی ۔ ذرائع کے مطابق مراد علی شاہ پر ضلع ملیر میں زمین ضیا الدین ہسپتال کے نام کرنے کا بھی الزام ہے جسکی نیب تحقیقات کر رہی ہے اور تحقیقات کے دوران نیب میں پیش بھی ہو چکے ہیں ۔