عمران خان کا لہجہ وزیراعظم کے منصب کے اہل نہیں، قمر زمان کائرہ

Last Updated On 12 June,2019 07:59 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے خطاب میں اصل ٹارگٹ اپوزیشن تھی، وہ بجٹ سے توجہ ہٹانا چاہتے ہیں۔

اسلام آباد میں پارٹی کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہا کہ عمران خان کا لہجہ وزیراعظم کے منصب کے اہل نہیں، کیا انھیں اس لہجے میں بات کرنا چاہیے تھی؟

ان کا کہنا تھا کہ حیرانگی ہے کہ جب صدر یا وزیراعظم قوم سے خطاب کرتے ہیں تو خاص پیغام دیتے ہیں۔ ہم سمجھنے کی کوشش کرتے رہے کہ ایسا کیا تھا، قوم سے خطاب میں تاخیر کیوں ہوئی؟

قمر زمان کائرہ نے کہا کہ اگر وزیراعظم عمران خان کے بارے میں کچھ کہا جائے تو وہ ناراض ہو جاتے ہیں۔ وہ اگر انکوائری کمیشن بنانا چاہتے ہیں تو شوق سے بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کب تک غلط بیانی سے کام لیں گے۔ آج پاکستان کا ہر طبقہ پریشان ہے۔ دودھ سمیت ہر کھانے کی چیز پر ٹیکس لگا دیا گیا ہے۔