وزیراعظم عمران خان کی روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے غیر رسمی ملاقات

Last Updated On 13 June,2019 11:30 pm

بشکیک: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے درمیان ملاقات شنگھائی تعاون تنظیم کی سائیڈ لائن پر ہوئی۔

دنیا نیوز کے مطابق پاکستانی وزیراعظم عمران خان اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے درمیان ہونے والی ملاقات میں باہمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان او روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کی ملاقات 14 جون کو بشکیک میں شیڈول ہے۔ ملاقات شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کی سائیڈ لائنز پر ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم عمران خان اور روسی صدر پیوٹن میں ملاقات طے پا گئی

اس سلسلے میں روسی سفارتخانے کی جانب سے پاکستانی دفتر خارجہ کو ملاقات کے لئے آمادگی سے آگاہ کیا گیا۔ ملاقات میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وزارت خارجہ اور دیگر حکام موجود ہونگے۔

یہ بھی پڑھیں: شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس، وزیراعظم شرکت کیلئے کرغزستان پہنچ گئے

ملاقات کے دوران وزیراعظم عمران خان روسی صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت دیں گے۔ ملاقات میں پاک روس تعلقات، خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوگا۔ دونوں رہنما ملاقات میں افغان امن عمل اور عالمی امور پر بھی بات چیت کریں گے۔

واضح رہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی بھی شرکت کر رہے ہیں تاہم وزیراعظم عمران خان کی بھارتی ہم منصب کیساتھ اجلاس کے دوران سائیڈ لائن پر ملاقات کا کوئی امکان ظاہر نہیں کیا جا رہا۔

پاکستانی دفتر خارجہ کے ایک بیان کے مطابق سربراہ اجلاس میں اہم فیصلوں کے ساتھ ساتھ رکن ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے معاہدوں پر دستخط بھی ہوں گے۔ تاہم بیان میں ان شعبوں کی تفصیل بیان نہیں کی گئی۔

پاکستان 2017ء میں شنگھائی تعاون تنظیم کا رکن بننے کے بعد سے امور خارجہ، دفاع، قومی سلامتی، معیشت، تجارت، تعلیم، نوجوانوں اور خواتین کو بااختیار بنانے، سیاحت اور ذرائع ابلاغ سمیت تنظیم کے مختلف شعبوں میں بھرپور شرکت کر رہا ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان اور کرغز صدر نے مشترکہ وزارتی کمیشن اور دو طرفہ سیاسی مشاورتی عمل جلد شروع کرنے، زمینی وفضائی رابطوں کو مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔

بشکیک میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس کے موقع پر وزیراعظم عمران خان اور کرغزستان کے صدر سورنوبے شاریپوچ کے درمیان ملاقات ہوئی۔

اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے کرغز صدر کو شنگھائی تعاون تنظیم کا سربراہ اجلاس بلانے پر مبارکباد دی جبکہ کرغزستان کے صدر نے تنظیم میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں باہمی تعلقات کا جائزہ لیا گیا۔

دونوں ممالک نے عوامی رابطوں کے فروغ اور آسان ویزا عمل کے ذریعہ سیاحت کو فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے کرغزستان کے صدر کو پاکستان کے دورہ کی دعوت بھی دی۔