اسلام آباد: (دنیا نیوز) مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران صاحب پارلیمان پہ حملہ کرنے والا ہی پارلیمان کی آواز سے ڈر سکتا ہے، آپ وزراء کو پارلیمنٹ میں ہنگامہ کرنے کی ہدایت کریں گے تو سوال تو اُٹھیں گے۔
ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ قصور آپ کا نہیں، نالائق، ووٹ چور، سیلیکٹڈ وزراعظم پارلیمان سے خوف ہی کھائے گا، عمران صاحب افسوس آپ وزرا کو انتشار اور دھرنے کے علاوہ کچھ نہ سکھا سکے، کابینہ اجلاس پارلیمان میں انتشار اور اپوزیشن لیڈر کی بجٹ تقریر روکنے کی ہدایت دینے کے لئے بلایا۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا آج کابینہ کے اجلاس میں ہنگامہ آرائی کرنے والوں کو میڈل دیئے جائیں گے، عمران صاحب کان کھول کے سُن لیں عوام کے لیے زہر قاتل بجٹ پاس نہیں ہوسکتا، جان بوجھ کر سوچی سمجھی حکمت عملی کے تحت بجٹ پر بحث نہیں ہونے دے رہے، عمران صاحب نہیں چاہتے شہباز شریف آئی ایم ایف بجٹ کے اصل حقائق عوام کو بتائیں، جتنا مرضی ہنگامہ، شور اور غنڈا گردی کرائیں شہباز شریف کی تقریر ضرور ہوگی۔