افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان پیش پیش، پہلی افغان امن کانفرنس

Last Updated On 22 June,2019 10:33 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پہلی افغان امن کانفرنس بھوربن مری میں جاری ہے، گلبدین حکمت یار اور رشید دوستم سمیت افغانستان کی 18 بڑی سیاسی جماعتوں و گروپس کے 57 مندوبین شریک ہیں۔

ذرائع کے مطابق افغانستان کے متعدد سینیٹرز اور ارکان اسمبلی بھی کانفرنس میں شریک ہوں گے، لاہور پراسیس سے عوامی رابطوں اور مستقبل کیلئے تجاویز کا تبادلہ موقع ملے گا، لاہور پراسیس میں افغان سکیورٹی کے مختلف پہلوئوں کا جائزہ لیا جائے گا، پراسیس سے مستقبل کی حکومتوں کے درمیان اعتماد سازی کی فضاء قائم کرنے میں مدد ملے گی۔

دنیا نیوز کے مطابق افغان امن کانفرنس تجارت، روابط، صحت اور دیگر شعبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کا موقع فراہم کرے گی، کانفرنس میں افغان مہاجرین کی باعزت وطن واپسی کے حوالے سے بھی بات چیت متوقع ہے۔ لاہور پراسیس میں مستقبل میں طالبان کی شمولیت کو بھی خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا۔

ذرائع کے مطابق اس کانفرنس کی اہمیت اس لیے بھی اہم ہے کہ افغان صدر کے دورہ پاکستان سے قبل ہو رہی ہے، صدر پاکستان عارف علوی افغان امن کانفرنس کے شرکاء کے اعزاز میں عشائیہ دیں گے، کانفرنس کے شرکاء وزیراعظم عمران خان سے بھی ملاقات کریں گے، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی افتتاحی سیشن سے خطاب کریں گے، کانفرنس میں بڑی تعداد میں سابق سفراء، محققین اور تھنک ٹینکس شر یک ہیں۔