نیویارک: (دنیا نیوز) اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ پاکستان افغانستان میں قیام امن کی کوششوں کی کامیابی کے لیے پرامید ہے۔
ملیحہ لودھی نے سلامتی کونسل میں افغانستان پر مباحثے سے خطاب میں افغان مذاکراتی عمل میں پاکستانی کردار سے آگاہ کیا اور کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ مذاکرات کے ذریعے افغانستان میں امن کے حصول کی حمایت کی ہے جبکہ عالمی برادری نے بھی پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا ہے۔
ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ قیام امن کی کوششوں کو ابھی بھی چیلنجز درپیش ہیں جنہیں نظر انداز نہی کیا جا سکتا۔ طالبان، افغان حکومت اور تمام شراکت داروں کو مذاکرات کے ذریعے دیرپا امن قائم کرتے دیکھنا چاہتے ہیں۔
مستقل مندوب کا کہنا تھا کہ افغانستان میں امن اور استحکام پاکستان اور خطے کے وسیع تر مفاد میں ہے۔ افغانستان کے مسائل کا حل فوجی مہم جوئی میں نہیں ہے۔