کوئٹہ: (دنیا نیوز) چیئرمین سینیٹ کی تبدیلی کے معاملے پر حکومت اور اتحادی ڈٹ گئے۔ وزیراعلی پلوچستان جام کمال، بی این پی کے سینیٹرز اور وفاقی وزرا اعظم سواتی، زبیدہ جلال چئیرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے گھر پہنچے اور ان کو حمایت کا یقین دلایا۔
چئیرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی رہائش گاہ پر حکومتی وزرا اور اتحادیوں کا اکٹھ سیاسی اجتماع میں بدل گیا۔ حکومت اور اتحادیوں کی چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی کے خلاف ممکنہ تحریک سے نمٹنے کی تیاریاں شروع ہو گئیں۔ وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان اور بلوچستان عوامی پارٹی کے سینٹرزکی بڑی تعداد صادق سنجرانی کی رہائش گاہ پر پہنچ گئی۔ اس دورانوفاقی وزیر پارلیمانی امور اعظم خان سواتی اور وزیر دفاعی پیداوار زبیدہ جلال کی بھی چیئرمین سینیٹ کے گھرآمد ہوئی۔
صادق سنجرانی سے ملاقات کرنے والے بلوچستان کے صوبائی وزراء ، تحریک انصاف، بلوچستان عوامی پارٹی اور دیگر جماعتوں کے ارکان نے چئیرمین سینٹ کومکمل حمایت کا یقین دلایا۔ اس موقع پر حکومتی اتحادیوں کا کہنا تھا کہ ممکنہ تحریک عدم اعتماد کو ناکام بنانے کے لئے صادق سنجرانی کا بھرپور ساتھ دیں گے۔ اپوزیشن کو تحریک لانے کا شوق ہے تو لاکر دیکھ لے، تحریک عدم اعتماد پہلے ہی دم توڑ جائے گی۔